بھٹکل 20 جون (ایس او نیوز) عوام کی سہولت کے لئے قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کی قیادت میں پھر ایک بار بھٹکل تعلقہ انتظامیہ نے نوائط کالونی رابطہ ہال اور صدیق اسٹریٹ میں واقع تنظیم ہال میں کورونا ٹیکہ دینے کا انتظام کیا ہے ، 45 سال یا اس سے زائد عمر کے لوگ ان مراکز میں پہنچ کر کورونا کا پہلا ڈوس لے سکیں گے۔
تنظیم کے میڈیا کورڈی نیٹر ڈاکٹر حنیف شباب صاحب نے بتایا کہ دونوں مراکز میں پیر کے دن صبح 9 بجے سے شام 4.30 بجے تک ویکسی نیشن کیمپ چلایا جائے گا، نوائط کالونی، مدینہ کالونی اور پاس پڑوس کے علاقوں کے لوگ رابطہ ہال پہنچ کر کورونا کا ٹیکہ لے سکیں گے، اسی طرح نشیبی علاقوں بالخصوص پرانے محلوں سلطان اسٹریٹ، جامعہ اسٹریٹ، خلیفہ اسٹریٹ، علوہ محلہ، قاضی محلہ، ڈونگر پلی وغیرہ کے لوگ اپنی سہولت کی مناسبت سے تنظیم ہال پہنچ کر ویکسین لے سکیں گے۔ تنظیم کی طرف سے عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وبائی مرض کووڈ کی روک تھام کے لئے بیک وقت 2 مقامات پر چلنے والے اس کیمپ سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
این آر آیئز والے بھی لے سکیں گے ویکسین: ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے بھٹکل تعلقہ ہیلتھ آفسر ڈاکٹر مورتی راج بھٹ نے بتایا کہ بھٹکل میں پیر کو ہونے والے ویکسی نیشن کیمپ کے لئے 400 ڈوس فراہم کئے جارہے ہیں، جس میں رابطہ ہال کے لئے 200 اور تنظیم ہال کے لئے 200 ڈوس مختص ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 45 سال یا اس سے زائد عمر والوں کے لئے یہ کیمپ ہے، البتہ این آر آئیز جن کی عمر 18 سال یا اس سے زائد ہے ، وہ بھی ان دونوں مراکز میں پہنچ کر اپنا پاسپورٹ اور ویزاء دکھاکر کورونا کا پہلا ڈوس لے سکیں گے۔
بھٹکل میں 18 مراکز میں دئے جائیں گے ویکسین: ڈاکٹر مورتی راج بھٹ نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پیر 21 جون کو بھٹکل تعلقہ کے لئے قریب 2500 ڈوس فراہم کئے جارہے ہیں اور عوام کی سہولت کے لئے تعلقہ کے جملہ 18 مراکز میں ایک ساتھ ویکسین دینے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رابطہ ہال اور تنظیم ہال کے ساتھ ساتھ دیگر پرائیویٹ ہالس، مندر، منٹپ اور پنچایت ہال وغیرہ میں بھی ویکسی نیشن دئے جائیں گے۔ مرڈیشور۔ماولّی، بیلور، مُنڈلی، ماروکیری، تعلقہ اسپتال سمیت مختلف قصبوں کے پرائمری ہیلتھ سینٹروں میں بھی ویکسین دینے کا انتظام کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر مورتی راج بھٹ نے بتایا کہ لوگ اپنے اپنے علاقہ کے قریبی مراکز پہنچ کر ویکسین لے سکتے ہیں۔